نئی دہلی، 11؍جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات میں الیکشن لڑنے یا نہیں لڑنے کے امکان کے سوال پر تقسیم ہوئی عام آدمی پارٹی کے لیڈر درمیان کا راستہ اپنا سکتے ہیں اور ان سیٹوں پر اپنے امیدوار اتار سکتے ہیں جہاں ان کے جیتنے کے امکانات ٹھیک ٹھاک ہوں ۔ریاست میں پارٹی کے لیڈروں کا طبقہ الیکشن لڑنے کے خلاف ہے، وہیں کچھ کو لگتا ہے کہ اس کو تمام سیٹوں پر قسمت آزمانی چاہیے ، ایک تیسرا طبقہ ہے جس کی رائے ہے کہ اسے کچھ چنندہ سیٹوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور ان پر جیت حاصل کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دینی چاہیے ۔ریاست میں سبھی اسمبلی حلقوں میں پارٹی کارکنوں سے معلومات جمع کر کے علاقہ کی رپورٹ آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو سونپی گئی ہے۔پارٹی کی گجرات اکائی کے انچارج گوپال رائے نے ریاست کے لیڈروں کے ساتھ دو دن تک میٹنگ کی، جہاں موجودہ سیاسی حالات، کانگریس کے امکانات، اہم اپوزیشن اور کسانوں سے وابستہ مسائل سمیت کئی پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔حال ہی میں ریاست میں پاٹیدار اور دلت تحریک اور اس کے ریاست کے انتخابات پر ممکنہ اثرات پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ ہفتے پارٹی کی قومی ورکنگ کمیٹی نے کسانوں کے مسائل پر گجرات اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں اپنی کارکردگی کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گجرات میں اسی سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، وہیں مدھیہ پردیش میں 2018کے آخر تک انتخابات ہوں گے۔آپ لیڈر نے کہاکہ گجرات پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے،اس وقت الیکشن لڑنے، نہیں لڑنے سے لے کر کچھ سیٹوں پر لڑنے تک، طرح طرح کی رائے ہیں۔